راولپنڈی میں کھیلے جا رہے سہ ملکی ون ڈے سیریز کے تیسرے میچ میں سری لنکا کی دعوت پر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے انگلینڈ نے مقررہ 50 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 429 رنز بنائے۔

انگلینڈ کی جانب سے ٹام بینٹن اور بین ڈکٹ نے اننگز کا آغاز کرتے ہوئے انگلش ٹیم کو 74 رنز کا آغاز فراہم کیا، تاہم ٹام بینٹن 51 گیندوں پر 9 چوکوں کی مدد سے 50 رنز بنا کر دونیتھ ویلالاگے کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوگئے۔

اس کے بعد بین ڈکٹ بھی زیادہ دیر وکٹ پر نہ ٹھہر سکے اور 85 کے مجموعی اسکور پر 29 رنز بنانے کے بعد پویلین لوٹ گئے۔

اس کے بعد کپتان ہیری بروک نے جو روٹ کے ساتھ مل کر سری لنکن بولرز پر بھرپور حملہ کیا اور دونوں نے تیسری وکٹ کے لیے 159 رنز کی شراکت قائم کی۔ تاہم 244 کے مجموعی اسکور پر جو روٹ اسیتھا فرنینڈو کی گیند پر آؤٹ ہوگئے۔

جو روٹ نے 66 گیندوں پر 69 رنز اسکور کیے، ان کی اننگز میں 8 چوکے شامل تھے۔ اس دوران وہ ون ڈے کرکٹ میں 8 ہزار رنز مکمل کرنے والے پہلے انگلش بلے باز بھی بن گئے۔

جو روٹ کے آؤٹ ہونے کے بعد ہیری بروک نے ول جیکس کے ہمراہ جارحانہ انداز اپناتے ہوئے رنز بنانے کی رفتار مزید تیز کردی۔ اس دوران انگلش کپتان نے تاریخ کی تیز ترین ڈبل سنچری بنا ڈالی، انہوں نے یہ کارنامہ 114 گیندوں پر انجام دیا۔

ہیری بروک انگلینڈ کی جانب سے ون ڈے کرکٹ میں ڈبل سنچری بنانے والے پہلے بلے باز بھی بن گئے۔

انگلینڈ کے کپتان ہیری بروک نے شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے 116 گیندوں پر 202 رنز کی اننگز کھیلی، جس میں 21 چوکے اور 10 چھکے شامل تھے۔ انہوں نے جارحانہ انداز میں بیٹنگ کرتے ہوئے سری لنکن بولرز کو مسلسل دباؤ میں رکھا۔

ول جیکس نے بھی اختتامی اوورز میں دھواں دھار بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور صرف 30 گیندوں پر 66 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ ان کی اننگز میں 8 چوکے اور 3 چھکے شامل تھے۔

انگلینڈ نے آخری اوورز میں رنز بنانے کی رفتار تیز رکھی اور آخری 10 اوورز میں 156 رنز اسکور کیے۔ اس کی بدولت انگلینڈ نے پاکستانی سرزمین پر ون ڈے کرکٹ کی تاریخ کا سب سے بڑا اننگز ٹوٹل بھی بنا دیا۔

انگلینڈ کا اسکور مقررہ 50 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 429 رنز تک پہنچ گیا، جس کے بعد سری لنکا کو میچ میں کامیابی کے لیے 430 رنز کا ہدف ملا ہے۔

سری لنکا کی جانب سے دونیتھ ویلالاگے نے 56 رنز دے کر 2 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ اسیتھا فرنینڈو اور جنتھ لیاناگے نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔ ایشان ملنگا نے 10 اوورز میں 91 رنز دیے، جبکہ دلشان مدوشنکا نے 89 رنز دیے، تاہم دونوں کوئی وکٹ حاصل نہ کرسکے۔

راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جا رہے سہ ملکی ون ڈے سیریز کے تیسرے میچ میں سری لنکا اور انگلینڈ کی ٹیمیں مدمقابل ہیں، جہاں سری لنکن ٹیم کے کپتان کوشل مینڈس نے ٹاس جیت کر انگلینڈ کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔

ٹاس کے بعد سری لنکن کپتان کوشل مینڈس نے کہا کہ سیریز کے ابتدائی 2 میچز میں ہدف کے تعاقب میں ناکامی کے باوجود اوس کے باعث پہلے بولنگ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ سری لنکن ٹیم میں ایک تبدیلی کی گئی ہے، سچندو کولومباگے کی جگہ دونیتھ ویلالاگے کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔

اس موقع پر انگلش کپتان ہیری بروک کا کہنا تھا کہ ٹاس جیت کر ہم پہلے بیٹنگ ہی کرنا چاہتے تھے۔ انگلینڈ کی ٹیم میں 2 تبدیلیاں کی گئی ہیں، سونی بیکر اور عادل رشید کی جگہ لیام ڈوسن اور جوش ٹنگ کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔

راولپنڈی میں کھیلا جانے والا یہ مقابلہ ٹورنامنٹ کے لیے اہمیت کا حامل ہے۔ میچ میں دونوں ٹیموں کی جانب سے بہتر کارکردگی دکھانے اور سیریز میں اپنی پوزیشن مستحکم کرنے کی کوشش کی جائے گی۔

میچ سے قبل انگلینڈ اور سری لنکا کی ٹیموں نے راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں بھرپور پریکٹس سیشنز کیے۔ اس دوران کھلاڑیوں نے بیٹنگ، بولنگ اور فیلڈنگ کے شعبوں میں اپنی صلاحیتوں کو بہتر بنانے پر توجہ دی اور میچ کی تیاریوں کو حتمی شکل دی۔

یاد رہے کہ سری لنکا اور انگلینڈ کو سہ ملکی ون ڈے سیریز کے اپنے پہلے پہلے میچ میں پاکستان کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا، جب کہ پوائنٹس ٹیبل پر اس وقت پاکستان پہلے نمبر پر براجمان ہے۔ سیریز کے افتتاحی میچ میں پاکستان نے سری لنکا کو 37 رنز جبکہ دوسرے میچ میں انگلینڈ کو 87 رنز سے شکست دی تھی۔