اتوار کو راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے سہ ملکی ون ڈے سیریز کے افتتاحی میچ میں سری لنکن کپتان کوشل مینڈس نے ٹاس جیت کر پاکستان کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔
پاکستانی ٹیم نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 49.5 اوورز میں 305 رنز بنائے اور پوری ٹیم آؤٹ ہوگئی، یوں سری لنکا کو میچ میں کامیابی کے لیے 306 رنز کا ہدف ملا تاہم مہمان ٹیم مطلوبہ ہدف حاصل کرنے میں ناکام رہی۔
پاکستان کی جانب سے اننگز کا آغاز فخر زمان اور صائم ایوب نے کیا تاہم دونوں اوپنرز ٹیم کو اچھا آغاز فراہم نہ کرسکے۔ پاکستان کی پہلی وکٹ 23 رنز پر گری جب صائم ایوب 7 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، جبکہ 32 رنز کے مجموعے پر فخر زمان بھی 16 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔
اس کے بعد بابر اعظم اور ون ڈے انٹرنیشنل میں ڈیبیو کرنے والے سعد بیگ نے تیسری وکٹ کے لیے 74 رنز کی شراکت قائم کی اور ٹیم کا اسکور 106 رنز تک پہنچایا۔ تاہم بابر اعظم 45 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے، ان کی اننگز میں 6 چوکے شامل تھے۔
بابر اعظم کے آؤٹ ہونے کے بعد پاکستان کی چوتھی وکٹ 118 رنز کے مجموعے پر گری، جب سعد بیگ 39 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔
پانچویں وکٹ پر سلمان علی آغا اور حسن نواز نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 97 رنز کی شراکت قائم کی اور ٹیم کا اسکور 215 رنز تک پہنچایا، تاہم حسن نواز 37 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے۔
اس کے بعد عرفات منہاس نے سلمان علی آغا کا ساتھ دیا اور دونوں نے چھٹی وکٹ کے لیے 64 رنز کی شراکت قائم کی۔ عرفات منہاس 18 رنز بنا کر 279 کے مجموعے پر آؤٹ ہوگئے۔
دوسری جانب سلمان علی آغا نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنے کیریئر کی چوتھی سنچری مکمل کی۔ وہ 291 رنز کے مجموعے پر آؤٹ ہوئے، جس کے بعد پاکستانی بیٹرز آخری اوورز میں اسکور میں زیادہ اضافہ نہ کرسکے۔
اختتامی لمحات میں شاہین شاہ آفریدی نے 13 اور فہیم اشرف نے 6 رنز بنائے، جبکہ نسیم شاہ اور حارث رؤف بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے۔
یوں پاکستان کی ٹیم مقررہ 50 اوورز مکمل نہ کرسکی اور 49.5 اوورز میں 305 رنز بنا کر آل آؤٹ ہوگئی۔
سری لنکا کی جانب سے ایشان ملنگا نے شاندار بولنگ کرتے ہوئے 4 وکٹیں حاصل کیں، اسیتھا فرنینڈو نے 3 جبکہ دلشان مدھوشنکا نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
306 رنز کے ہدف کے تعاقب میں سری لنکن ٹیم نے مزاحمت کی تاہم پاکستانی بولرز کے سامنے پوری ٹیم 48.1 اوورز میں 268 رنز بنا کر آل آؤٹ ہوگئی، اس طرح پاکستان نے میچ 37 رنز سے اپنے نام کرلیا۔
پاکستان، سری لنکا اور انگلینڈ کے درمیان سہ ملکی ون ڈے سیریز کا آغاز راولپنڈی سے ہوا ہے، جس میں افتتاحی میچ میں پاکستان اور سری لنکا کی ٹیمیں مدمقابل تھیں۔
میچ کے آغاز پر سری لنکن کپتان کوشل مینڈس نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔ پاکستانی کپتان شاہین شاہ آفریدی نے ٹاس کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ وکٹ تازہ ہے اور اگر وہ ٹاس جیتتے تو پہلے بیٹنگ کرنے کا ہی فیصلہ کرتے۔ ان کا کہنا تھا کہ ٹیم کی کوشش ہوگی کہ 300 رنز بنائے اور تمام کھلاڑی سہ ملکی سیریز کے لیے مکمل طور پر تیار ہیں۔
سری لنکن کپتان کوشل مینڈس نے کہا کہ ٹیم نے پاکستان کے خلاف ٹی 20 سیریز کا آخری میچ اچھا کھیلا تھا، تاہم ون ڈے فارمیٹ مختلف ہے اور ان کی ٹیم اس کے لیے تیار ہے۔ انہوں نے بتایا کہ سری لنکا تین فاسٹ بولرز اور ایک اسپنر کے ساتھ میدان میں اترا ہے۔
آج کے میچ میں پاکستان کی جانب سے وکٹ کیپر بیٹر سعد بیگ نے ون ڈے انٹرنیشنل کرکٹ میں ڈیبیو کیا۔
پاکستانی ٹیم میں کپتان شاہین شاہ آفریدی، بابر اعظم، فخر زمان، صائم ایوب، سعد بیگ، سلمان علی آغا، حارث رؤف، حسن نواز، عرفات منہاس، نسیم شاہ اور فہیم اشرف شامل تھے۔
سری لنکن ٹیم کی قیادت کوشل مینڈس نے کی جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں اویشکا فرنینڈو، کمیندو مینڈس، پون رتناياکے، سہان آراچیگے، جنتھ لیاناگے، داسن شناکا، سچندو کولمباجے، ایشان ملنگا، اسیتھا فرنینڈو اور دلشان مدھوشنکا شامل تھے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کے مطابق لیگ اسپنرز شاداب خان اور سفیان مقیم بیماری کے باعث پہلے میچ میں دستیاب نہیں تھے۔ میڈیکل ٹیم دونوں کھلاڑیوں کی نگرانی کر رہی ہے جبکہ آئندہ میچز میں ان کی شرکت کا فیصلہ بعد میں کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ پاکستان سہ ملکی ون ڈے سیریز میں سری لنکا کے خلاف تین میچوں کی ٹی 20 سیریز 1-2 سے جیتنے کے بعد میدان میں اترا ہے۔ قومی ٹیم نے ٹی 20 سیریز کے ابتدائی دو میچز جیتے تھے جبکہ سری لنکا آخری میچ میں کامیاب رہا تھا۔
پاکستان، سری لنکا اور انگلینڈ کے درمیان سہ ملکی ون ڈے سیریز کے میچز راولپنڈی اور لاہور میں کھیلے جا رہے ہیں۔ 20 اکتوبر کو راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں پاکستان اور انگلینڈ کی ٹیمیں مدمقابل ہوں گی، جبکہ 22 اکتوبر کو اسی میدان میں انگلینڈ اور سری لنکا کے درمیان میچ کھیلا جائے گا۔
اس کے بعد سیریز کے باقی میچز لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں ہوں گے۔ 25 اکتوبر کو پاکستان اور انگلینڈ، 27 اکتوبر کو پاکستان اور سری لنکا جبکہ 29 اکتوبر کو انگلینڈ اور سری لنکا کی ٹیمیں مدمقابل ہوں گی۔
سہ ملکی سیریز کے ابتدائی مرحلے میں تینوں ٹیمیں ایک دوسرے کے خلاف دو، دو میچز کھیلیں گی، جس کے بعد پوائنٹس ٹیبل پر سرفہرست دو ٹیمیں 31 اکتوبر کو لاہور میں فائنل میں مدمقابل ہوں گی۔







