آئی سی سی کی نئی رینکنگ کے مطابق بھارت 115 ریٹنگ پوائنٹس کے ساتھ پہلی، نیوزی لینڈ 109 پوائنٹس کے ساتھ دوسری اور جنوبی افریقا 104 پوائنٹس کے ساتھ تیسری پوزیشن پر موجود ہے، جبکہ پاکستان 103 پوائنٹس کے ساتھ چوتھے نمبر پر آگیا ہے۔ آسٹریلیا پانچویں پوزیشن پر چلا گیا ہے۔

پاکستان نے راولپنڈی میں جاری سہ ملکی ون ڈے سیریز میں سری لنکا اور انگلینڈ کے خلاف کامیابیاں حاصل کیں۔ انگلینڈ کے خلاف 87 رنز کی فتح میں نوجوان آل راؤنڈر عرفات منہاس نے 59 رنز بنانے کے ساتھ 6 وکٹیں حاصل کرکے اہم کردار ادا کیا۔

پاکستان نے ابتدائی 4 وکٹیں 81 رنز پر گنوانے کے باوجود حسن نواز کے 79، عرفات منہاس کی نصف سنچری اور فہیم اشرف کے 39 رنز کی بدولت 302 رنز بنائے، جواب میں انگلینڈ کی ٹیم 215 رنز پر آل آؤٹ ہوگئی۔

ون ڈے بیٹرز کی رینکنگ میں پاکستان کے بابر اعظم ساتویں پوزیشن پر برقرار ہیں، جبکہ سلمان علی آغا ایک درجے ترقی کرکے 12ویں نمبر پر آگئے ہیں۔

ون ڈے بولرز کی رینکنگ میں افغانستان کے راشد خان پہلی، پاکستان کے ابرار احمد دوسری اور جنوبی افریقا کے کیشو مہاراج تیسری پوزیشن پر موجود ہیں۔ قومی ٹیم کے کپتان شاہین آفریدی آٹھویں نمبر پر برقرار ہیں۔

حارث رؤف دو درجے بہتری کے بعد مشترکہ طور پر 20ویں جبکہ نسیم شاہ چار درجے ترقی کے بعد 45ویں پوزیشن پر آگئے ہیں۔

افغانستان کے راشد خان نے زمبابوے کے خلاف 17 رنز دے کر 4 وکٹیں حاصل کیں، جس کے بعد ان کے ریٹنگ پوائنٹس 714 سے بڑھ کر 742 ہوگئے۔ وہ ون ڈے آل راؤنڈرز کی رینکنگ میں بھی دو درجے ترقی کے بعد چھٹے نمبر پر آگئے ہیں۔

پاکستان کے عرفات منہاس نے ون ڈے آل راؤنڈرز کی رینکنگ میں 89 درجے کی بڑی چھلانگ لگائی ہے۔

ٹی ٹوئنٹی بیٹرز کی رینکنگ میں پاکستان کے صاحبزادہ فرحان تیسری پوزیشن پر برقرار ہیں، جبکہ ٹی ٹوئنٹی بولرز میں ابرار احمد چوتھے نمبر پر موجود ہیں۔

ویسٹ انڈیز کے شائے ہوپ دو درجے ترقی کے بعد ٹی ٹوئنٹی بیٹرز میں نویں اور شیرفین ردرفورڈ چھ درجے بہتری کے بعد 18ویں نمبر پر آگئے ہیں، جبکہ ویسٹ انڈیز کے گڈاکیش موتی ٹی ٹوئنٹی بولرز کی رینکنگ میں 10 درجے ترقی کرکے 26ویں پوزیشن پر پہنچ گئے ہیں۔