راولپنڈی میں کھیلے گئے دوسرے ٹی 20 میچ میں سری لنکا نے ٹاس جیت کر پہلے بولنگ کا فیصلہ کیا، جس کے جواب میں پاکستان نے مقررہ 20 اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر 215 رنز بنائے۔ 216 رنز کے ہدف کے تعاقب میں سری لنکن ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 133 رنز ہی بنا سکی۔
پاکستان کی جانب سے فخر زمان اور صاحبزادہ فرحان نے اننگز کا آغاز کیا۔ 55 کے مجموعی اسکور پر پاکستان کو پہلا نقصان اٹھانا پڑا۔ فخر زمان گزشتہ میچ کی طرح اس میچ میں بھی بڑی اننگز کھیلنے میں ناکام رہے اور 4 چوکوں کی مدد سے 17 گیندوں پر 22 رنز بنا کر مہیش تھیکشانا کی گیند پر آؤٹ ہوگئے۔
اس کے بعد صاحبزادہ فرحان اور معاذ صداقت نے جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے دوسری وکٹ کے لیے 88 رنز کی شراکت قائم کی اور ٹیم کا اسکور 143 رنز تک پہنچا دیا۔ تاہم صاحبزادہ فرحان 5 چھکوں اور 4 چوکوں کی مدد سے 44 گیندوں پر 73 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔
صاحبزادہ فرحان کے آؤٹ ہونے کے بعد حسن نواز نے معاذ صداقت کا ساتھ دیا، جب کہ معاذ نے برق رفتاری سے رنز بنانے کا سلسلہ جاری رکھا۔ دونوں بلے بازوں نے جارحانہ انداز اپناتے ہوئے تیسری وکٹ کے لیے 72 رنز جوڑے اور ٹیم کا مجموعی اسکور 200 رنز سے آگے پہنچا دیا۔
پاکستان کی جانب سے معاذ صداقت نے 51 گیندوں پر 96 رنز کی شاندار اننگز کھیلی، جو ان کے ٹی 20 کیریئر کی بہترین اننگز تھی۔ ان کی اننگز میں 7 چھکے اور 6 چوکے شامل تھے۔ تاہم اننگز کی آخری گیند پر چھکا لگا کر سنچری مکمل کرنے کی کوشش میں وہ کیچ آؤٹ ہوگئے۔
حسن نواز نے بھی اختتامی اوورز میں جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے صرف 9 گیندوں پر ناقابلِ شکست 19 رنز بنائے، جس میں ایک چوکا اور ایک چھکا شامل تھا۔
پاکستان نے اننگز کے ابتدائی اوورز سے ہی رنز بنانے کی رفتار تیز رکھی اور آخری 5 اوورز میں 70 رنز اسکور کیے۔ یوں قومی ٹیم نے مقررہ 20 اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر 215 رنز بنائے اور سری لنکا کو جیت کے لیے 216 رنز کا ہدف دیا۔
سری لنکا کی جانب سے ایشان ملنگا، مہیش تھیکشانا اور داسن شناکا نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔
216 رنز کے ہدف کے تعاقب میں سری لنکن ٹیم کی بیٹنگ ابتدا ہی سے مشکلات کا شکار رہی۔ پاکستانی بولرز نے حریف بلے بازوں کو دباؤ میں رکھا اور انہیں کھل کر کھیلنے کا موقع نہ دیا۔
سری لنکا کی جانب سے مہیش تھیکشانا نے 32، چمندو وکرما سنگھے نے 29، کمیندو مینڈس نے 23 اور سینیتھ جے وردھنے نے 22 رنز بنائے۔ ان کے علاوہ کوئی بھی سری لنکن کھلاڑی ڈبل فیگرز میں داخل نہ ہوسکا۔ کپتان کوشل مینڈس اور داسن شناکا 9،9، لہیرو اودارا 5 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، جب کہ ساہان آراچیگے کھاتہ کھولے بغیر پویلین لوٹ گئے۔
پاکستان کی جانب سے محمد عمران نے شاندار بولنگ کرتے ہوئے 4 اوورز میں صرف 11 رنز دے کر 3 وکٹیں حاصل کیں۔ سلمان مرزا نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، جب کہ شاداب خان اور صائم ایوب نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔
اس طرح سری لنکن ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 133 رنز ہی بنا سکی اور پاکستان نے میچ 82 رنز سے جیت لیا۔
دوسرے ٹی 20 میچ کے لیے سری لنکن ٹیم میں تین تبدیلیاں کی گئیں، جب کہ پاکستان نے بھی اپنی فائنل الیون میں ایک تبدیلی کرتے ہوئے رضا اللہ کی جگہ سلمان مرزا کو شامل کیا۔







