سیکیورٹی ذرائع کے مطابق دہشت گردوں نے گوادر میں تعمیراتی کمپنی کے خالی کیمپ کو نشانہ بنانے کی کوشش کی، تاہم سیکیورٹی فورسز نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے حملے کی کوشش ناکام بنا دی۔ کارروائی کے دوران 3 دہشت گرد مارے گئے، جبکہ دیگر دہشت گردوں کے خلاف آپریشن جاری ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ سیکیورٹی فورسز نے کارروائی کے دوران مزید 3 دہشت گردوں کو گھیرے میں لے لیا ہے، جن کے خلاف کارروائی جاری ہے۔
دوسری جانب سیکیورٹی ذرائع کے مطابق گوادر شاہراہ کے قریب واقع ایک ہوٹل میں موجود دہشت گردوں کے خلاف بھی آپریشن جاری ہے۔ ذرائع کے مطابق ہوٹل میں 4 دہشت گردوں کو سیکیورٹی فورسز نے گھیرے میں لے رکھا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ جی او سی خود سیکیورٹی آپریشن کی قیادت کر رہے ہیں، جبکہ تعمیراتی کمپنی کے کیمپ پر حملے کی کوشش کالعدم عناصر سے منسوب کی گئی ہے۔
دریں اثنا وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے گوادر میں تعمیراتی کمپنی کے خالی کیمپ پر دہشت گردوں کے حملے کی کوشش ناکام بنانے پر سیکیورٹی فورسز کی کارکردگی کو سراہا ہے۔
محسن نقوی نے کارروائی کے دوران 3 دہشت گردوں کو ہلاک کرنے پر سیکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردوں کے خلاف برسرپیکار سیکیورٹی فورسز کے بہادر جوانوں پر پوری قوم کو فخر ہے۔
وفاقی وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ پوری قوم دہشت گردی کے خلاف متحد ہے اور سیکیورٹی فورسز کے ساتھ کھڑی ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کے مکمل خاتمے تک آپریشنز جاری رکھے جائیں گے۔







