یہ فیصلے جمعرات کو نجکاری کمیشن کے بورڈ کے 260ویں اجلاس میں کیے گئے، جس کی صدارت وزیراعظم کے مشیر برائے نجکاری اور نجکاری کمیشن کے چیئرمین محمد علی نے کی۔ کمیشن کی جانب سے جاری اعلامیے میں فیصلوں کی تفصیلات بتائی گئی ہیں۔
آئیسکو کی نجکاری کے لیے ابتدائی طور پر اہل قرار دیے گئے فریقوں میں ترکیہ کی تین توانائی کمپنیاں اور پاکستان کے معروف کاروباری گروپس اور سرمایہ کاری کنسورشیم شامل ہیں، جو ملک کے بجلی کی تقسیم کے شعبے میں مقامی اور بین الاقوامی سرمایہ کاروں کی دلچسپی کو ظاہر کرتے ہیں۔
ابتدائی طور پر اہل قرار دیے گئے 10 فریقوں میں ترکیہ کی ایکٹر الیکٹرک انرجی یاتریملاری، جینویرا انرجی اور جینگز انرجی، اینگرو انرجی لمیٹڈ، آرٹسٹک ملینرز کی قیادت میں قائم کنسورشیم، حب پاور ہولڈنگ کی قیادت میں قائم کنسورشیم، سیفائر فائبرز لمیٹڈ، نوواٹیکس لمیٹڈ، بیسٹ وے سیمنٹ لمیٹڈ اور حسنت برادرز کنسٹرکشن کی قیادت میں قائم کنسورشیم شامل ہیں۔
آرٹسٹک ملینرز کی قیادت میں قائم کنسورشیم میں دی لیک سٹی ہولڈنگز، فاطمہ کیپیٹل، ڈِن وینچرز اور فضل کلاتھ ملز شامل ہیں، جبکہ حب پاور ہولڈنگ کی قیادت میں قائم کنسورشیم میں لکی سیمنٹ، کوہاٹ سیمنٹ اور میٹرو وینچرز شامل ہیں۔
اسی طرح حسنت برادرز کنسٹرکشن کی قیادت میں قائم کنسورشیم میں دِھلال ہولڈنگ گروپ، پاک اسٹیل، بائیو لیبز اور فرید اسٹیل کاسٹنگ شامل ہیں۔
ابتدائی طور پر اہل قرار دیے گئے فریق اب لین دین کے اگلے مرحلے میں داخل ہوں گے، جس میں تفصیلی جانچ پڑتال کے لیے ورچوئل ڈیٹا روم تک رسائی بھی شامل ہے۔
آئیسکو بجلی کی ان تقسیم کار کمپنیوں کے پہلے گروپ میں شامل ہے جن کی نجکاری کی نشاندہی کی گئی ہے۔ اس گروپ میں فیسکو اور گوجرانوالہ الیکٹرک پاور کمپنی لمیٹڈ (گیپکو) بھی شامل ہیں۔
دریں اثنا، بورڈ نے فیسکو کی نجکاری کے لیے پہلے ہی ابتدائی طور پر اہل قرار دیے گئے آرٹسٹک ملینرز کے کنسورشیم میں مزید ارکان کی شمولیت کی بھی منظوری دے دی۔ متعلقہ تقاضے پورے کرنے کی شرط پر اس اقدام سے کنسورشیم کو بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کی پہلی کھیپ کی نجکاری کے معاملات میں حصہ لینے میں سہولت ملے گی۔
بورڈ نے زرعی ترقیاتی بینک لمیٹڈ (زیڈ ٹی بی ایل) کی نجکاری کے لیے لین دین کے ڈھانچے اور تنظیمِ نو کے منصوبے میں تبدیلیوں کی بھی منظوری دی۔ نجکاری کمیشن کے مطابق ان ترامیم کا مقصد وزیراعظم کی ہدایات کے مطابق اس امر کو یقینی بنانا ہے کہ نجکاری کے بعد بھی بینک زراعت اور کسانوں کی مالی ضروریات پوری کرنے پر اپنی توجہ برقرار رکھے۔
ایک اور فیصلے کے تحت بورڈ نے اسٹیٹ لائف انشورنس کارپوریشن آف پاکستان کی نجکاری کے لیے مالیاتی مشیر مقرر کرنے کی غرض سے ڈوئچے بینک کی قیادت میں قائم کنسورشیم کو درجہ بندی میں سرفہرست قرار دے دیا۔
بورڈ نے اس کنسورشیم کے ساتھ مالیاتی مشاورتی خدمات کے معاہدے کو حتمی شکل دینے کے لیے مذاکراتی کمیٹی بھی تشکیل دے دی ہے۔
نجکاری کمیشن کے مطابق ان فیصلوں کا مقصد شفاف اور مسابقتی لین دین کے ذریعے حکومت کے نجکاری پروگرام کو آگے بڑھانا، مقامی اور بین الاقوامی سرمایہ کاری کو راغب کرنا، عملیاتی کارکردگی اور خدمات کی فراہمی بہتر بنانا اور حکومت و عوام کے لیے زیادہ سے زیادہ قدر حاصل کرنا ہے۔







