ایلیزے محل میں سکیورٹی اور ڈیفنس کونسل کے اجلاس کے بعد ایمانوئل میکرون نے کہا کہ فرانس آنے والے دنوں میں ٹریڈ یونینوں کی غیر منظم احتجاجی تحریکوں پر پابندی عائد کرے گا، جب کہ دکانوں اور کاروباری اداروں کے تحفظ کے لیے ٹریڈ یونینوں جیسی منظم تنظیموں کی جانب سے نکالی جانے والی ریلیوں کے لیے متبادل راستے مختص کیے جائیں گے۔

انہوں نے ہفتے کے روز ہونے والے احتجاجی مظاہروں کی تیاری کے پیش نظر اضافی سکیورٹی فیصلے کرنے کے لیے جمعہ کو ڈیفنس کونسل کا ایک نیا اجلاس بلانے کا بھی اعلان کیا۔

دوسری جانب میکرون نے پولیس کی جانب سے ہزاروں افراد کو حراست میں لینے اور سیکڑوں افراد کو جیل بھیجنے کے بعد تحقیقات اور قانونی کارروائی جاری رکھنے کی تصدیق کی۔ انہوں نے تشدد میں ملوث افراد کے ساتھ انتہائی سختی سے نمٹنے پر زور دیا۔

سکیورٹی اقدامات کے ساتھ ساتھ میکرون نے اعلان کیا کہ حکومت سیاسی اور یونین رہنماؤں کے ساتھ بات چیت جاری رکھے گی۔ مزید یہ کہ پیر کے روز وزیر اعظم طلبہ تنظیموں، اساتذہ، یونینوں، کاروباری مالکان، مقامی عہدیداروں اور پارلیمنٹیرینز پر مشتمل ایک وسیع اجلاس طلب کریں گے، تاکہ سماجی اور تعلیمی مطالبات، خاص طور پر نوجوانوں کے مطالبات پر تبادلہ خیال کیا جا سکے۔

یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب حکام نے ہفتے کے روز ملک بھر میں طے شدہ احتجاجی مظاہروں سے قبل فرانس کے تیسرے بڑے شہر لیون میں ہر قسم کے مظاہروں پر پابندی عائد کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ یہ فیصلہ گزشتہ ہفتے کے آخر میں ہونے والے احتجاجی مظاہروں کے بعد کیا گیا، جو بڑے پیمانے پر پُرتشدد کارروائیوں میں تبدیل ہوگئے تھے۔

رون ریجن کے پریفیکٹ نے جمعرات کو ایک بیان میں کہا کہ 17 اکتوبر کو پیش آنے والے واقعات کے پیش نظر پریفیکٹ نے ایک حکم نامہ جاری کرتے ہوئے 24 اکتوبر بروز ہفتہ شہر لیون میں تمام احتجاجی مظاہروں پر پابندی عائد کردی ہے۔

پیرس اور دیگر فرانسیسی شہروں کی طرح لیون میں بھی اس وقت جھڑپیں اور لوٹ مار کے واقعات پیش آئے تھے جب مہنگائی کے خلاف بڑے پیمانے پر ہونے والے مظاہروں کے موقع پر نقاب پوش نوجوان شہر کے مرکز میں نکل آئے تھے۔

میئر گریگوری ڈوسی نے بتایا کہ ہنگاموں کے دوران شہر نے کئی گھنٹوں تک ’’افراتفری‘‘ کا سامنا کیا، جہاں 150 سے 200 کے قریب دکانیں لوٹ مار کا نشانہ بنیں جبکہ سیاحتی دفتر کو بھی آگ لگا دی گئی۔ پولیس نے تقریباً 200 افراد کو گرفتار کرلیا۔

ادھر ’’یلو ویسٹس‘‘ تحریک کے ساتھ ساتھ چند ٹریڈ یونینوں سمیت مظاہروں کے منتظمین نے ہفتے کے روز ملک بھر میں احتجاجی مظاہروں کے ایک نئے دن اور 5 نومبر کو عام ہڑتال سمیت دیگر مظاہروں کی کال دی ہے۔

ملک بھر میں شروع ہونے والی احتجاجی تحریکوں سے قبل مقامی حکام نے پہلے ہی پیرس، لیون اور دیگر شہروں کے کچھ حصوں میں تمام مظاہروں پر پابندی عائد کرنے کا فیصلہ کرلیا تھا۔