فلائٹ شیڈول کے مطابق سعودی ایئرلائن نے ریاض جانے والی پروازیں جدہ سے آپریٹ کرنا شروع کردی ہیں۔ آج کراچی اور پشاور سے ریاض جانے والی 4 پروازیں بھی جدہ کے ذریعے چلائی جائیں گی، جس کے تحت مسافروں کو متبادل انتظامات کے ذریعے اپنی منزل تک پہنچانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔
دوسری جانب پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائن (پی آئی اے) کی بیشتر پروازیں پہلے ہی جدہ اور دمام سے آپریٹ کی جا رہی ہیں۔ ریاض ایئرپورٹ کی بندش کے باعث پروازوں کے نظام الاوقات میں تبدیلی کی گئی ہے، جس کے نتیجے میں مسافروں کو اپنی روانگی اور آمد کے اوقات کے حوالے سے مشکلات پیش آسکتی ہیں۔
فلائٹ شیڈول کے مطابق کراچی سے لاہور آنے اور جانے والی پروازیں پی کے 304 اور پی کے 305 تین گھنٹے تاخیر کا شکار ہیں، جبکہ کراچی اور اسلام آباد کے درمیان چلنے والی پروازیں پی اے 200 اور پی اے 201 بھی چار گھنٹے تاخیر سے روانہ ہوں گی۔
اسی طرح کراچی سے ٹورنٹو جانے والی پی آئی اے کی پرواز پی کے 783 ساڑھے چھ گھنٹے تاخیر کا شکار ہے اور شیڈول کے مطابق یہ پرواز سہ پہر 3 بج کر 50 منٹ پر روانہ ہوگی۔
فلائٹ شیڈول کے مطابق کابل سے اسلام آباد آنے اور جانے والی دو پروازوں میں بھی سات گھنٹے کی تاخیر ریکارڈ کی گئی ہے۔ اسلام آباد اور اسکردو کے درمیان چلنے والی چار پروازیں ساڑھے چار گھنٹے تاخیر کا شکار ہیں، جبکہ لاہور سے مسقط جانے اور وہاں سے آنے والی دو پروازوں میں بھی چار گھنٹے تک تاخیر متوقع ہے۔
ریاض ایئرپورٹ کی بندش اور پروازوں کی متبادل مقامات سے آپریشن کے باعث مسافروں کو سفر سے قبل اپنی متعلقہ ایئرلائن سے تازہ ترین فلائٹ شیڈول کی تصدیق کرنے کی ضرورت ہے، تاکہ روانگی کے وقت میں تبدیلی یا متبادل انتظامات کے باعث پیش آنے والی مشکلات سے بچا جا سکے۔







