پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے پشاور کور ہیڈکوارٹرز کا دورہ کیا، جہاں انہیں خیبرپختونخوا کی مجموعی سیکیورٹی صورت حال، دہشتگردی کے خلاف جاری آپریشنز، سرحدی انتظامات اور تعینات فوجی دستوں کی آپریشنل تیاریوں سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ اس موقع پر سیکیورٹی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے کیے جانے والے اقدامات اور فورسز کی پیشہ ورانہ تیاریوں پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے افسران اور جوانوں کے بلند حوصلے، پیشہ ورانہ مہارت اور آپریشنل صلاحیتوں کو سراہا۔ انہوں نے ہدایت کی کہ سیکیورٹی خطرات سے مؤثر انداز میں نمٹنے کے لیے مسلسل چوکس رہا جائے اور ہر قسم کی صورت حال کا مقابلہ کرنے کے لیے آپریشنل تیاریوں کے اعلیٰ معیار کو برقرار رکھا جائے۔

فیلڈ مارشل عاصم منیر نے دہشتگردی کے خلاف جنگ میں جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہدا کو خراج عقیدت پیش کیا اور سیکیورٹی فورسز کے غازیوں کی قربانیوں کو بھی سراہا۔ انہوں نے دہشتگردی کے خاتمے کے لیے پاکستانی عوام کی قربانیوں اور عزم کو قابل تحسین قرار دیتے ہوئے کہا کہ قوم کی حمایت سے دہشتگردی کے خلاف جنگ میں کامیابی حاصل کی جائے گی۔

آرمی چیف نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان دہشتگرد عناصر اور ان کے گمراہ کن نظریے کو فیصلہ کن شکست دینے کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گا، دہشتگردوں کے خلاف کارروائیوں میں کسی قسم کی نرمی نہیں برتی جائے گی اور ملک کے امن و استحکام کو نقصان پہنچانے والے عناصر سے سختی سے نمٹا جائے گا۔

پشاور پہنچنے پر کور کمانڈر پشاور نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا استقبال کیا۔ دورے کے دوران سیکیورٹی صورت حال کا جائزہ لینے اور دہشتگردی کے خلاف جاری کوششوں کے حوالے سے فوجی قیادت کو بریفنگ دی گئی۔