آئی ایس پی آر کے مطابق، کارروائیاں کوئٹہ، نوشکی اور خضدار میں کی گئیں، جن کے دوران بھاری مقدار میں اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکا خیز مواد بھی برآمد کیا گیا۔
ضلع کوئٹہ کے علاقے پنجپائی میں مبینہ دہشت گردوں نے مقامی ٹریفک کی آمدورفت میں خلل ڈالنے کے لیے سڑک پر رکاوٹیں کھڑی کرنے کی کوشش کی، تاہم سیکیورٹی فورسز نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے یہ کوشش ناکام بنا دی۔ فائرنگ کے تبادلے میں 5 مبینہ دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔
دوسری جانب ضلع نوشکی میں کلیئرنس آپریشن کے دوران سیکیورٹی فورسز نے مبینہ دہشت گردوں کے ایک ٹھکانے کا سراغ لگایا۔ شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد 2 مبینہ دہشت گرد ہلاک ہوگئے، جبکہ ٹھکانے سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا۔
اسی طرح ضلع خضدار میں انٹیلیجنس معلومات کی بنیاد پر کیے گئے آپریشن کے دوران ایک مبینہ دہشت گرد ہلاک ہوگیا۔ کارروائی میں 490 کلوگرام دھماکا خیز مواد بھی برآمد کیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق، تینوں علاقوں میں کلیئرنس اور سرچ آپریشنز جاری ہیں تاکہ مزید مبینہ دہشت گردوں کی موجودگی کا سراغ لگا کر ان کے خلاف کارروائی کی جاسکے۔
سیکیورٹی حکام کا کہنا ہے کہ وفاقی ایپکس کمیٹی کی جانب سے منظور کردہ قومی ایکشن پلان کے تحت وژن ’عزمِ استحکام‘ کے تحت انسدادِ دہشت گردی کی مہم جاری رہے گی۔ اس مہم کا مقصد ملک میں بیرونی سرپرستی اور معاونت سے ہونے والی دہشت گردی کا خاتمہ ہے۔







