وزارتِ پیٹرولیم ڈویژن نے 22 اکتوبر کے لیے پیٹرول اور ڈیزل کی نئی قیمتوں کا نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا ہے، جس میں بتایا گیا ہے کہ آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) نے وفاقی حکومت کے جاری کردہ طریقہ کار کی بنیاد پر پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں رد و بدل کیا ہے۔

نوٹیفکیشن کے مطابق پیٹرول کی فی لیٹر قیمت میں 2 روپے 71 پیسے کی کمی کی گئی ہے، جس کے بعد پیٹرول کی قیمت 382 روپے 02 پیسے سے کم ہو کر 379 روپے 31 پیسے فی لیٹر مقرر ہوگئی ہے۔

اسی طرح ہائی اسپیڈ ڈیزل کی فی لیٹر قیمت میں 31 پیسے کا معمولی اضافہ ہوا ہے۔ اس اضافے کے بعد ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت 389 روپے 80 پیسے سے بڑھ کر 390 روپے 11 پیسے فی لیٹر ہوگئی ہے۔

پیٹرولیم ڈویژن کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق پیٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کا اطلاق آج رات 12 بجے سے 22 اکتوبر 2026 تک ایک روز کے لیے ہوگا۔

پیٹرولیم ڈویژن کے مطابق اعلان کردہ قیمتیں عالمی مارکیٹ میں پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں سے منسلک ہیں۔ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ عالمی مارکیٹ میں تبدیلیوں، پلاٹس ریٹس، پریمیم اور دیگر اخراجات کو مدنظر رکھتے ہوئے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں رد و بدل کیا گیا ہے۔

یاد رہے کہ 17 جولائی سے اب تک پیٹرول کی قیمت میں مجموعی طور پر 28 مرتبہ کمی اور 37 مرتبہ اضافہ کیا گیا ہے، جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں اس عرصے کے دوران 26 مرتبہ کمی اور 38 مرتبہ اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

گزشتہ روز 20 اکتوبر کو حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں رد و بدل کرتے ہوئے پیٹرول 88 پیسے اور ہائی اسپیڈ ڈیزل 53 پیسے فی لیٹر مہنگا کیا تھا، جس کے بعد پیٹرول کی قیمت 382 روپے 02 پیسے جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت 389 روپے 80 پیسے فی لیٹر ہوگئی تھی۔

حکومت نے 19 اکتوبر کو پیٹرول کی فی لیٹر قیمت میں 5 روپے 16 پیسے اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کی فی لیٹر قیمت میں 7 روپے 69 پیسے کی بڑی کمی کی تھی، جس کے بعد پیٹرول کی قیمت 381 روپے 14 پیسے فی لیٹر جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت 389 روپے 27 پیسے فی لیٹر ہوگئی تھی۔

اس سے قبل گزشتہ ہفتے کے آخری روز 16 اکتوبر کو حکومت نے 17 اکتوبر سے 19 اکتوبر تک تین دن کے لیے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں رد و بدل کرتے ہوئے پیٹرول کی فی لیٹر قیمت میں 3 روپے 93 پیسے کی کمی کی تھی، جس کے بعد پیٹرول کی قیمت 386 روپے 30 پیسے فی لیٹر مقرر ہوگئی تھی، جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی فی لیٹر قیمت میں کوئی رد و بدل نہیں کیا گیا تھا اور اس کی قیمت 396 روپے 96 پیسے فی لیٹر برقرار رکھی گئی تھی۔

واضح رہے کہ مشرق وسطیٰ کے بحران کے باعث حکومت کی جانب سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا روزانہ کی بنیاد پر تعین کیا جاتا ہے، تاہم ہفتہ اور اتوار کو قیمتیں برقرار رہتی ہیں۔

مسلسل مہنگے ایندھن کے اثرات کم کرنے کے لیے 13 ستمبر کو وزیراعظم شہباز شریف نے موٹرسائیکل، رکشہ، چنگچی اور 800 سی سی تک کی گاڑیوں کے صارفین کے لیے فی لیٹر پیٹرول پر 100 روپے ریلیف دینے کا اعلان بھی کیا تھا۔