اجلاس میں صوبائی وزرا، وزیرِ اعلیٰ کے مشیران، معاونینِ خصوصی اور دیگر متعلقہ حکام شریک ہیں۔ اجلاس کے دوران مختلف محکموں کی سمریوں اور اہم انتظامی و مالی امور پر غور کیا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق، ایجنڈے میں نواز شریف انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی سرگودھا کے بورڈ آف گورنرز کو اعزازیہ دینے اور نواز شریف انسٹی ٹیوٹ آف کینسر ٹریٹمنٹ اینڈ ریسرچ لاہور کے ڈین کے معاوضے پر نظرِ ثانی کی تجاویز شامل ہیں۔
اجلاس میں وزیرِ اعلیٰ پنجاب گرین ٹریکٹر پروگرام کے تحت زیادہ اور کم طاقت والے ٹریکٹرز پر سبسڈی کی منظوری اور زرعی شعبے میں تبدیلی کے منصوبے کے لیے سبسڈی دینے کے معاملے پر بھی غور کیا جائے گا۔
راولپنڈی نارتھ فاریسٹ ڈویژن کے ایک فائر فائٹر کے اہلِ خانہ کو مالی معاوضہ دینے، ضلع مری کو آفت زدہ قرار دینے اور اضافی گرانٹ کی منظوری سے متعلق امور بھی ایجنڈے میں شامل ہیں۔
اس کے علاوہ مری میں خطرناک عمارتوں کے خلاف اقدامات، متاثرہ عمارتوں میں رہائش پذیر افراد کی منتقلی اور عمارتوں کو منہدم کرنے کے معاملات پر بھی غور ہوگا۔
پنجاب میں سرکاری ملازمین کے لیے ہاؤس بلڈنگ ایڈوانس، مختلف علاقوں میں 132 کے وی ٹرانسمیشن لائن کی تعمیر، گرانٹ اِن ایڈ کمیٹی کی سفارشات اور پنجاب پولیس میں سیکنڈمنٹ پر تعینات اسپیشل سروس گروپ (ایس ایس جی) کے افسران کے الاؤنسز سے متعلق معاملات بھی اجلاس کے ایجنڈے کا حصہ ہیں۔







